کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک اور کے ایم سی میں ٹھن گئی، چار ارب کے واجبات پر بلدیہ عظمی کراچی کے مرکزی دفتر کی بجلی کاٹی گئی تو کے ایم سی نے کے الیکٹرک کے دفاتر میں توڑ پھوڑ شروع کر دی۔
کے الیکٹرک نے ایک ارب روپے ہرجانے کا مطالبہ کر دیا۔ گارڈ پر تشدد کے الزام میں کے ایم سی کیخلاف ایف آئی آر کی درخواست بھی جمع کرا دی۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے ایم سی نے کے الیکٹرک کے گارڈز پر تشدد کیا اور املاک کو نقصان پہنچایا اور توڑ پھوڑ کی، عدالتی حکم اور حکم امتناع کے مطابق کسی بھی کارروائی سے قبل کے ایم سی کو دو دن کا نوٹس دینا ہوگا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کے الیکٹرک کے چار ارب روپے کے واجبات کی نادہندہ ہے۔
ادھر کے ایم سی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بلدیہ عظمی کراچی کے جھیل پارک، ہل پارک، باغ ابن قاسم سمیت دیگر پارکوں میں بجلی کاٹنے سے موٹر بند ہوگئی۔ پارک میں گھاس سوکھ رہی ہے جبکہ اندھیرے میں شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔