لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پرہیزی کھانا فراہم نہ کیا گیا تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا، نواز شریف کو جیل میں پرہیزی کھانا فراہم نہ کرنا عمران نیازی کی قاتل ذہنیت کا ثبوت ہے۔
صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے نواز شریف کو جیل میں پرہیزی کھانا فراہم نہ کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق نواز شریف کو پرہیزی کھانا فوراً فراہم کیا جائے، مریض کا پرہیزی کھانا روک کر عمران خان سیاسی انتقام کے بدترین درجے پر فائز ہوگئے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ثابت ہوگیا عمران خان میں نہ تو قومی خدمت کی صلاحیت ہے نہ ہی سیاسی مخالفت کا ظرف، عمران نیازی کی نالائقی پر تو شک نہیں لیکن فسطائی ذہنیت میں بھی ثانی نہیں رکھتے، فسطائیت کی کالی رات ختم ہونے کو ہے، پھر ان تمام مظالم کا حساب ہوگا۔