پاک بھارت ٹریک ٹو مذاکرات، پہلا دور آج سے شروع ہوگا

Last Updated On 12 July,2019 09:04 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انڈیا اور پاکستان کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کا آغاز ہونے جا رہا ہے، پہلا دور آج سے اسلام آباد میں ہوگا۔

مذاکرات میں انڈیا اور پاکستان کا وفد شرکت کرے گا جو دو روز تک جاری رہیں گے۔ مذاکرات میں دفتر خارجہ کے حکام بھی شرکت کریں گے جبکہ ٹریک ٹو مذاکرات کا دوسرا دور نئی دہلی میں ہوگا۔

انڈیا پاکستان ٹریک ٹو مذاکرات کا انعقاد ریجنل پِیس انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام ہو رہا ہے۔ فروری کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کے بعد یہ مذاکرات اہم ہیں۔

سربراہ رینجل پیس انسٹی ٹیوٹ (آر پی آئی) رؤف حسن کا کہنا ہے کہ انڈیا اور پاکستان میں حکومتوں کے درمیان تعلقات کی بہتری کا پہلا راستہ ٹریک ٹو سفارتکاری ہے۔ ان مذاکرات کا بنیادی مقصد دونوں ملکوں کے نوجوانوں کو امن کی جانب لانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے پہلے روز دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے ورکنگ سیشنز ہوں گے۔ ان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے سابق سفرا بھی شرکت کر رہے ہیں۔