مریم اورنگزیب نے برطانوی اخبار کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا

Last Updated On 14 July,2019 04:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون نے برطانوی اخبار کی خبر میں لگائے گئے الزمات کو بے بنیاد قرار دیدیا، کہتی ہیں عمران صاحب نے لاہور میں مقیم متنازع صحافی کے ذریعے رپورٹ شائع کرائی، ڈیلی میل کی ساکھ کا سب کو علم ہے۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنماؤں نے رپورٹ پر صدر مسلم لیگ نون کو تنقید کا نشانہ بنایا۔۔

شہبازشریف سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ نے ہلچل مچا دی، مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی میں لفظی گولہ باری شروع ہو گئی۔ مریم اورنگزیب نے برطانوی اخبار کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا، عمران صاحب نے لاہور میں مقیم متنازع صحافی کے ذریعے رپورٹ شائع کرائی، ڈیلی میل کی ساکھ کا سب کو علم ہے۔

انہوں نے کہا ‎‎اصل خبرعمران خان کے اٹھارہ جعلی اکاؤنٹس کی ہے جس سے خوف طاری ہوا ہے۔ ایسی خبریں چھپوا کر آپ ہڑتال کو ناکام نہیں بنا سکتے، خان صاحب کوئی اور چال چلیں، جھوٹے، بے بنیاد میڈیا ٹرائل کا ہتھکنڈا ناکام ہوچکا۔

دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے لیگی قیادت پر خوب تنقید کی، انہوں نے کہا کرپشن کے ثبوتوں کی بنیاد پر ہی نوازشریف جیل میں ہیں، کوئی جواز نہیں کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو سیاسی پناہ دی جائے۔ شریف خاندان زلزلہ متاثرین کیلئے دی گئی امداد کی رقم بھی کھا گیا۔