ناجائز اثاثے بنانے کا الزام، شہباز شریف کی جائیداد منجمد کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 15 July,2019 09:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے شہبازشریف کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کر لیا، پہلے مرحلے میں ماڈل ٹاون والی رہائش گاہ سمیت اثاثے منجمد کئے جائیں گے، قیمتی گاڑیوں کے خلاف پہلے ہی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ شریف خاندان پر الزام ہے کہ ٹی ٹی کے ذریعے ناجائز اثاثے بنائے۔

بتایا گیا ہے کہ شہبازشریف متعدد بار طلبی کے باوجود جواب نہ دے سکے، نیب نے نصرت شہباز سمیت دیگر خاندان کو بھی خطوط لکھے لیکن ان کی طرف سے بھی جواب نہ ملا۔ شہبازشریف فیملی منی ٹریل فراہم کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔

نیب شہباز شریف کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں ماڈل ٹاون والی رہائش گاہ سمیت اثاثے منجمد کرے گا۔ اسلام آباد، ہری پور کے اثاثے بھی قبضے میں لئے جائیں گے، قیمتی گاڑیوں کے خلاف بھی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

نیب نے محکمہ ریونیو کو شہبازشریف خاندان کے اثاثوں کی فروخت سے متعلق تفصیلات کے لئے خط لکھا ہے، تمام متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کے بعد احتساب عدالت سے اگلی کارروائی کی اجازت لی جائے گی۔