کار بنانے والی کمپنیوں نے پیداوار بند کر دی: طارق فضل

Last Updated On 17 July,2019 12:36 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) (ن) لیگ کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا جو ترجمان جتنی زیادہ بدتمیزی کرتا ہے، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اسے اتنی ہی زیادہ شاباش ملتی ہے۔

 دنیا نیوز  کے پروگرام ‘‘آن دی فرنٹ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں، کار بنانے والی بڑی بڑی کمپنیوں نے پیداوار بند کردی ہے۔

پروگرام میں پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظور نے کہا کہ ماضی کے مقدمات مضحکہ خیز تھے جو اب عدالتوں میں بے نقاب ہو رہے ہیں، اس وقت نشانے پر سیاست دان نہیں بلکہ سیاست ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کا جینا اجیرن کر دیا ہے لیکن موجودہ صورت حال پر پی ٹی آئی کی حکومت کو کوئی شرم نہیں آتی۔

پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے قومی دولت لوٹ کر اپنی ذات پر خرچ کی، قوم جانتی ہے کہ زلزلہ زدگان کے پیسے بھی کھالیے گئے۔

خاتون تجزیہ کار محمل سرفراز نے تاجروں کی ہڑتال کو کاروباری طبقے کا محض ایک دکھاوا قرار دیا۔