اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان ریلوے کے بیڑے میں 460 لوکوموٹو انجن موجود ہیں جن میں سے 140 غیر فعال ہیں، دوسری جانب محکمے کی جانب سے ملک بھر میں75 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو 21 ملین روپے مالیت کے مفت ریلوے ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریلوے کی جانب سے 65 سال عمر کے شہریوں کو 50 فیصد، خصوصی افراد کو 50 فیصد جبکہ طلبا کو 25 فیصد رعایتی نرخوں پر ٹکٹ فراہم کئے جا رہے ہیں۔
تمام مسافر ٹرینوں میں ابتدائی طبی امداد اور ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مسافر کے اچانک شدید بیمار ہونے کی صورت میں قریبی ریلوے ہسپتال سے اگلے سٹیشن پر ڈاکٹر کو بلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 11 مہینوں کے دوران 52 کلومیٹر ٹریکس کو اپ گریڈ کیا گیا۔