اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر 14 اگست سے پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی لگانے کے علاوہ کوئی اور حل نہیں، جتنی بھی بڑی فوڈ چینز ہیں، وہ پیپز بیگز استعمال کر رہی ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا کہنا تھا کہ 14 اگست سے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ 14 اگست کے بعد شاپنگ بیگز بنانیوالی فیکٹریوں پر چھاپے مارے جائیں گے۔ خلاف ورزی پر 5 ہزار سے 5 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کپڑے کے بیگز متبادل کے طور پر استعمال ہوں گے۔ ماحول کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ مرغزار چڑیا گھر کو بہتر طریقے سے چلا کر دکھائیں گے۔ ہم مارگلہ اور نیشنل پارکس بھی اپنے ماتحت لینے والے ہیں۔ چاہتے ہیں جس کا جو کام ہے وہی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں مرغزار چڑیا گھر وزارت کیڈ کے پاس تھا جس کے بعد وزارت داخلہ کے پاس چلا گیا۔ 10 بلین ٹری سونامی پورے پاکستان میں ہے۔ نیشنل پارک ہماری تحویل میں نہیں ہے۔ مارگلہ پارک اور نیشنل پارک ہمیں دے دیے جائیں تو ہم انہیں بہتر طریقے سے چلا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب کی نظریں وزیراعظم پاکستان پر اور ان کے قومی لباس پر لگی ہیں جس طرح انہوں نے سپرپاور سے ملاقات کی۔