عمران خان کا دورہ امریکہ انتہائی کامیاب ، بھارت میں کہرام

Last Updated On 24 July,2019 08:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) سفارتی محاذ پر امریکہ میں پاکستان کو شاندار کامیابی ملی، وزیر اعظم عمران خان کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، یہی وجہ ہے کہ بھارت میں کہرام مچا ہوا ہے۔

پروگرام ‘‘دنیا کامران خان کے ساتھ’’ کے میزبان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی کے حوالے سے بھارت کارویہ منفی رہا ہے، بھارت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کیا جائے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان نے امریکہ کے ساتھ نہ صرف تعلقات استوار کیے بلکہ بھارت کی جو کوشش رہی ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے بری طرح ناکام ہوئی ہے۔

اس کا ایک دلچسپ منظر ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بڑی خرابی دونوں ممالک کی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بدگمانیاں تھیں، جو کئی سالوں سے جاری تھیں، پینٹا گان اور جی ایچ کیو، سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان بدگمانیوں نے جنم لیا، جنہوں نے دونوں ممالک کی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں دوریاں پیدا کیں، پاکستان میں سیاسی قیادت میں تبدیلی کے ساتھ جس طرح سول ملٹری قیات ایک صفحہ پر اکٹھی ہوئی ہے، جس طرح سول اور ملٹری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو مسلح جتھوں سے آزاد کروانا ہے، اس نے پاکستان کے امیج کو بہتر کیا، امریکہ نے اس کو نوٹس کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پینٹا گون کو انگیج کیا اور پاکستان کیخلاف بدگمانیوں کو دور کیا، آرمی چیف نے ٹھوس دلائل سے امریکی بدگمانیوں کو دور کیا ہے، ان کوششوں کا پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری لانے میں اہم کردار ہے، پاکستان میں صاف ستھری حکومت ہوگی، منی لانڈرنگ سے چھٹکارا پایا جائے گا، مسلح جتھوں سے پاکستان کو پاک کیا جائے گا، ان یقین دہانیوں نے دونوں ممالک میں اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

واشنگٹن سے بیوروچیف معوذ صدیقی نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کی، انہوں نے بتایا کہ ہمیں توقعات سے زیادہ کامیابی ملی ہے، امریکہ سے سینئر صحافی انور اقبال نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے، دونوں ممالک میں اعتماد بڑھے گا، وزیر اعظم کے ساتھ ملٹری قیادت کے ہونے سے امریکی خوش ہیں، ان کا خیال ہے کہ اب وعدے صرف وعدے نہیں رہیں گے بلکہ ان پر عمل بھی ہوگا، امریکہ نے اسے مثبت انداز میں دیکھا ہے۔