پوری کوشش کرینگے کہ چیئرمین سینیٹ تبدیل نہ ہوں، قاسم سوری

Last Updated On 24 July,2019 11:44 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) ڈپٹی چئیرمین قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کا عمل آگے بڑھ رہا ہے جس سے خطے میں امن قائم ہوگا۔ ماضی کی نسبت بلوچستان کو حالیہ بجٹ میں زیادہ حصہ دیا گیا۔ صادق سنجرانی بہتر انداز میں ایوان چلا رہے ہیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر پوری کوشش کرینگے کہ چیئرمین سینیٹ تبدیل نہ ہوں۔

قاسم خان سوری نے کوئٹہ پریس کلب کے پروگرام آگاہی میں شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ ڈپٹی سپیکر کی زمہ داریاں چیلنجنگ تھیں لیکن پوری کوشش کر رہا ہوں کہ احسن انداز میں ایوان کی کارروائی چلائی جا سکے۔

انہوں نے صادق سنجرانی کے معاملے پر کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہو رہی۔ اپنے اتحادیوں کے ساتھ بھرپور انداز میں صادق سنجرانی کی سپورٹ کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے مغربی روٹ کا افتتاح کر چکے ہیں جس سے بلوچستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران پی ٹی آئی کی کوششوں سے بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ امراض قلب کے ہسپتال کا افتتاح ہو چکا ہے اور جلد ہی بلوچستان میں شوکت خانم ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔