صادق سنجرانی خود ہی مستعفی ہو جائیں تو اچھا ہوگا، بلاول بھٹو

Last Updated On 31 July,2019 10:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی خود ہی مستعفی ہو جائیں تو اچھا ہوگا، ورنہ تو وہ جا ہی رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صادق سنجرانی عہدے پر برقرار رہیں گے یا نہیں؟ سینیٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس جمعرات ہوگا۔ نمبر گیم میں اپوزیشن کو 65 سینیٹرز کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد سے لاتعلق رہنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت کو 36 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔

اس معاملے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی خود ہی مستعفی ہو جائیں تو ان کے لئے اچھا ہوگا، ورنہ تو وہ جا ہی رہے ہیں۔ اپوزیشن کے پاس صادق سنجرانی کو ہٹانے کے لئے مطلوبہ اکثریت سے زیادہ نمبر ہیں۔

میر حاصل بزنجو کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کے 65 اراکین کی حمایت حاصل ہے، وہ اسی دن جیت گئے تھے جس روز ان کا نام تجویز کیا گیا، دھمکیوں اور دباؤ کی باتیں بے بنیاد ہیں۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اس حکومت سے زیادہ جھوٹ کسی نے نہیں بولا ہوگا۔ موجودہ حکومت نے لوٹوں کا پہاڑ کھڑا کیا ہوا ہے، اس وقت ساری کابینہ لوٹوں سے بھری پڑی ہے۔
 

Advertisement