اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور مسلم لگ ن کے سردار مہتاب عباسی کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ایک ریفرنس، 98 انکوائریوں اور چار نئی تحیققات کی اجازت دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق وزیر خورشید شاہ بھی احتساب کے شکنجے میں آ گئے ہیں، چیئرمین نیب کی جانب سے ان کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی گئی ہے۔
ان کیخلاف معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے بنانے، اختیارات کے غلط استعمال اور پی اے آر سی میں 269 ملازمین کی غیر قانونی بحالی سے خزانے کو 5 ارب کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
اس کے علاوہ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے نواز شریف دور کے گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کے خلاف انکوائری کا بھی گرین سگنل دیدیا ہے جبکہ سابق ایکسین آپریشن ٹیسکو سید اکرام شاہ کے خلاف کرپشن ریفرنس بھی اوکے کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، بدعنوانی ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، وائٹ کالر میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے۔