کراچی اور حیدر آباد میں بارشوں کے بعد ٹرینوں کا شیڈول مزید متاثر

Last Updated On 31 July,2019 09:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے اور لاہور سے جانے والی تمام ٹرینیں 4 سے 17 گھنٹے تک لیٹ، مسافر اپنے گھروں کو واپس چلے گئے، ریلوے سٹیشن خالی رہے۔

کراچی اور حیدر آباد میں بارش اور ٹرینوں کی ڈی ریلمنٹ نے ٹرینوں کا شیڈول مزید متاثر کر دیا۔ ریلوے انتظامیہ ٹرینوں کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام ہوگئی۔

بزنس ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا۔ متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار، کراچی سے لاہور آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس 17 گھنٹے لیٹ ہو گئیں۔

ٹرین جناح ایکسپریس 14 گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 13 گھنٹے 20 منٹ، گرین ایکسپریس 11 گھنٹے 10 منٹ، شالیمار ایکسپریس 10 گھنٹے 40 منٹ اور خیبر میل 10 گھنٹے 15 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔

فرید ایکسپریس ساڑھے 9 گھنٹے، کراچی سے آنے والی شاہ حسین ایکسپریس 9 گھنٹے، عوام ایکسپریس 7 گھنٹے 20 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔

کراچی ایکسپریس 5 گھنٹے 40 منٹ، کوئٹہ سے آنے والی اکبر ایکسپریس 3 گھنٹے 30 منٹ، کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس 3 گھنٹے 15 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔

ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ریلوے سے اعتبار اٹھ گیا ہے۔ ٹرینیں لیٹ اور منسوخ ہونے کے باعث ریلوے انتظامیہ نے کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے اور لاہور سے جانے والی متعدد ٹرینوں کی ریزرویشن بھی ایک روز کے لیے بند کر دی۔