اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ عام آدمی کو سہولیات کی یقینی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، اسلام آباد کو ایک مثالی دارالحکومت بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت انسداد تجاوزات کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا، متعلقہ ایم این ایز اور چیئرمین سی ڈی اے نے شرکت کی۔ میٹرو کارپوریشن اسلام آباد اور وزارت داخلہ کے عہدیدار بھی اجلاس میں موجود تھے۔
وزیر داخلہ کے ساتھ معاہدے میں ظفر مرزا نے ہر شعبے میں علاقوں کی نشاندہی کرنے کے خیال کی حمایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کھوکھے لگانے کے لئے 12 شہری اور 7 دیہی مقامات تجویز کئے جبکہ سہولیات کی نشاندہی کرنے والے اہم علاقوں میں راول ڈیم پل کے قریب پارک روڈ پر کھوکھا لگانے کی تجویز بھی دی گئی۔
شہزاد ٹاؤن کے سامنے پارک روڈ اور تاراری چوک پر کھوکھا لگانے کی تجریز دی، مری روڈ بارہ کہو، کھنہ پل اور چیمبر روڈ پر بھی کھوکھے لگانے کی تجویز سامنے آئی۔ کمیٹی نے شناخت شدہ علاقوں پر مشترکہ طور پر اتفاق کیا۔ لوگوں کی آمد پر غور کرتے ہوئے پولی کلینک کے قریب ایک جگہ منتخب کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ تمام کھوکھوں کا ڈیزائن یکساں رکھا جائے گا۔ کمیٹی کا اگلا اجلاس اگست کے وسط میں ہو گا جس میں دی گئی تجویز پر عمل درآمد کے منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ شہر کے انتظامی معاملات کو موثر بناتے ہوئے شہریوں کو سہولیات فراہم کریں، اسلام آباد کو ایک مثالی دارالحکومت بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔