ایل این جی سکینڈل: شاہد خاقان کے جسمانی ریمانڈ میں 15 اگست تک توسیع

Last Updated On 01 August,2019 11:48 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں نیب کی استدعا پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں 15 اگست تک توسیع کر دی۔

 نیب نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو 13 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش کے لیے مزید 14 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

جج احتساب عدالت محمد بشیر نے شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کر کے کہا آپ اپنا وکیل کر لیں جو ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کرسکے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ اپنی وکالت خود کریں گے، بحیثیت سابق وزیر ایل این جی کیس کو خود بہتر سمجھتا ہوں، نیب والوں کو بھی یہ کیس سمجھا دوں گا، بس کچھ وقت چاہیے۔

عدالت نے نیب کی استدعا پر شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں 15 اگست تک توسیع کر دی، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 15 اگست کو عید کی چھٹی ہے، تاہم فاضل جج نے کہا کوئی بات نہیں، چھٹی کے دن بھی سماعت کر لیں گے۔

 

Advertisement