لاہور: (دنیا نیوز) دریائے چناب میں پانی کی آمد ایک لاکھ 40 ہزار کیوسک، اخراج ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، پانی قریبی فصلوں میں داخل ہونے سے مکئی اور گنے کی فصلیں زیر آب آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں دریائے چناب کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نشیبی علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق 140000 کیوسک کا ریلہ چناب پل سے گزر رہا ہے اور پانی کا اخراج 120000 کیوسک ہے۔ پانی قریبی فصلوں میں داخل ہونے سے مکئی اور کماد کی فصلیں زیر آب آ گئی ہیں۔
ریسکیو نے کسی بھی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر 5 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دئیے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے دریائے چناب کے مقام پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے دریا میں نہانے اور کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی ہے۔