لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کرنے کے لیے نیب کی درخواست پر کارروائی شروع کرتے ہوئے انھیں گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
احتساب عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو انھیں 10 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
عدالت نے نیب پراسکیوٹر حافظ اسد اللہ اعوان کی درخواست پر احکامات جاری کئے۔ منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کو 6 دفعہ کال اپ نوٹس جاری کیے گئے۔
نیب درخواست میں کہا گیا تھا کہ سلمان شہباز نے نیب انوسٹی گیشن جوائن نہیں کی۔ چیئرمین نیب نے سلمان شہباز کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سلمان شہباز ملک سے باہر فرار ہو چکے ہیں، عدالت سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے۔