لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ قومی ادارے کی جانب سے باسٹھ مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا، چالیس سوسائٹیز کی بروقت تکمیل، بائیس کے کیس زیر سماعت، دو ارب 80 کروڑ کی وصولی ہو چکی جبکہ پچیس ارب کی ان ڈائریکٹ ریکوری بھی ممکن بنائی گئی۔
کارکردگی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب لاہور نے تاریخی اقدامات اٹھائے۔ نیب لاہور نے دو سال کے دوران 62 مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیسز پر کارروائی کا آغاز کیا۔
رپورٹ کے مطابق 40 ہاؤسنگ سوسائٹیز کے معاملات کو بروقت مکمل کروا دیا گیا۔ نیب لاہور کے مطابق 22 مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیسز زیر سماعت ہیں۔ ہاوسنگ سیکٹر میں ملزمان سے 3 ارب مالیت پر مشتمل معاہدے کئے گئے۔
ڈی جی نیب لاہور میجر (ر) شہزاد سلیم کی ٹیم نے کرپٹ عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن لیا اور ادارے کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
نیب لاہور کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2 ارب 80 کروڑ روپے کامیابی کیساتھ وصول کئے جا چکے ہیں۔ پچیس ارب مالیت کی ان ڈائریکٹ ریکوری بھی ممکن بنائی گئی جبکہ چوبیس ہزار 300 متاثرین کو ان کی لوٹی گئی رقوم، پلاٹ اور مکانات واپس دلوائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2017ء تا جولائی 2019ء نیب لاہور نے 7 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف ایکشن لیا۔ چوبیس ارب مالیت پر مشتمل ریفرنس احتساب عدالت میں داخل کئے گئے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے منصب سنبھالتے ہی ہاؤسنگ سیکٹر کے متاثرین کے ازالے پر زور دیا تھا۔