اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر سید مشاہد حسین نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدام کو 1971ء کے بعد خطے کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیدیا ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019ء خطے کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے، اس دن خطے کا جغرافیہ ڈنڈے کے زور پر تبدیل کیا گیا۔
سینیٹر مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔ چین کے سوائے کسی ملک نے پاکستان کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ آئندہ 100 روز تک سفارتی ایمرجنسی نافذ کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سازش کے ذریعے پہلی دفعہ خطے کا جغرافیہ تبدیل کیا گیا۔ جو ماڈل نیتن یاہو نے ویسٹ بینک وہی مودی نے اپلائی کیا جبکہ اس صورتحال میں امریکی محکمہ خارجہ نے اسے بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دیدیا۔