اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے کے مہنگے ترین ٹکٹس پر سفر کرنے والے غیر ملکی کے کھانے میں کیڑے نکال آئے، شکایت کرنے کے باوجود فضائی میزبانوں نے کوئی توجہ نہ دی۔
پی آئی اے مسافر نے شناخت نہ ظاہر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ وہ برطانوی شہری ہیں اور 6 اگست کو اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 791 کے ذریعہ اپنے خاندان کے ساتھ برمنگھم جا رہی تھیں۔ دوران پرواز ملنے والے ناشتے میں عجیب سے بو آ رہی تھی جس پر انہوں نے کیک اور سینڈویچز کھول کر دیکھے تو ان میں کیڑے ہی کیڑے رینگ رہے تھے۔
مسافر کا کہنا تھا کہ انہوں نے فضائی میزبان سے شکایت کی تاہم اس نے کوئی توجہ نہ دی جس پر مجبورا مسافر نے اپنے موبائل فون سے اس ناشتے اور ان میں رینگنے والے کیڑوں کی فوٹیج بنائی، مسافر نے بتایا کہ ان کے کھانے میں سے کیڑے نکلنے پر دیگر مسافروں نے بھی کھانا کھانے سے انکار کر دیا، تاہم پی آئی اے کے عملے پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔