اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوم آزادی کی مناسبت سے کراچی میں مزار قائد جبکہ لاہور میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے رینجرز کے گارڈز کو تبدیل کر کے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
مزار قائد پر اعزازی گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک بحریہ کے کیڈٹس گارڈز کے فرائض سنبھالنے پہنچے، کیڈٹس نے مارچ پاسٹ کیا، پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹننٹ کمانڈر محمد فیضان نے انجام دیئے۔ مہمان خصوصی نے گارڈ کا معائنہ کیا۔ بابائے قوم محمد علی جناح کو سلام پیش کیا گیا۔ کیڈٹس قدم سے قدم ملاتے ہوئے گارڈ سپاٹ پر پہنچے، مہمان خصوصی کموڈور عرفان تاج نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ کموڈور عرفان تاج نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
وزیراعلی عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری سرور نے مزار اقبال پر حاضری دی، انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس سے قبل شاعر مشرق کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل یوسف نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیاسی اور سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی مزار پر حاضری دے رہی ہے۔