اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانی حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں اُن کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی سنگین صورتحال کے مختلف پہلوؤں کی جانب دلائی گئی ہے۔
سرکاری میڈیا پر جاری خبر کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خط میں بھارت کی جانب سے پانچ اگست کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے سنگین نتائج پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو انسانی مشکلات کی شدت، کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو غصب کرنے اور انسانی صورتحال پر گہری تشویش ہے جو بھارت کی طرف سے اپنے غیرقانونی اقدامات پر عملدرآمد کےلئے ظالمانہ اقدامات کے نتیجے میں خراب ہوئی ہے۔
وزیر خارجہ کا اپنے جاپانی ہم منصب کو بھی فون کرکے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت وادی میں آبادی کا تناسب بدلنا اور خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر جاپانی وزیر خارجہ تارو کونو نے کہا کہ ان کی صورتحال پر نظر ہے، انسانی حقوق کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں۔