لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کا مقدمہ جرات، بہادری اور مدلل انداز میں پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کی حقیقت بیان کی اور معصوم کشمیریوں کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی مکاری اور عیاری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر عمران خان کا جرات مندانہ موقف بھارت کو جھکنے پر مجبور کر دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو مسئلہ کشمیر کے حل کی فہم وفراست رکھتے ہیں۔ کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جمعہ کو کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ قوم کشمیریوں کیلئے جوق درجوق باہر نکلے گی۔