لاہور: (دنیا نیوز) گاڑی سے ہیروئن برآمدگی کیس میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
اے این ایف نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر رانا ثناء اللہ کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع کی تو ان کے وکیل نے دلائل دیئے اور دعوی کیا کہ اے این ایف کے پاس کوئی ثبوت موجود نہیں، اس لیے پہلے روز ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی تھی۔ رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کیخلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے سماعت کے دوران بتایا کہ انہیں متعلقہ حکام کی جانب سے واٹس ایپ پر میسج ملا ہے اور ان کا تبادلہ ہو گیا اور کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ رانا ثناء اللہ کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔