چیئرمین نیب کی زیرصدارت اجلاس، مریم نواز کو شیئرز کی منتقلی پربریفنگ

Last Updated On 29 August,2019 03:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر ملکی شیئر ہولڈرز کی جانب سے مریم نواز کو شیئرز کی منتقلی کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی۔ میگا کرپشن کیسز سمیت شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ہونے والی تحقیقات کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

لاہور میں چیئرمین نیب جاوید اقبال کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا، ڈی جی نیب لاہور نے میگا کرپشن کیسز سمیت اہم کیسز پر بریفنگ دی، پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹیول کرپشن کیس سے متعلق اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

مریم نواز کو غیر ملکی شیئرہولڈرز کی جانب سے شیئرزکی منتقلی کی تفصیلات پر بریفنگ کے دوران چئیرمین نیب کو بتایا گیا کہ سعید سیف بن جابر الساویدی نے 21 مئی 2008 کو 94 لاکھ 8 ہزار 90 شیئرز مریم نواز کو منتقل کئے، شیخ زکاءالدین کی جانب سے 20 لاکھ 21ہزار 760 شئیرز مریم نواز کے نام منتقل کئے گئے، ہانی احمد جام کی جانب سے 97ہزار 33 شئیر مریم نواز کو منتقل ہوئے۔ ان تمام شیئرز کی منتقلی 21 مئی 2008 کو کئے جانے کا انکشاف ہوا۔

بریفنگ کے دوران ڈی جی نیب جاوید اقبال کو بتایا گیا کہ نیب نے غیر ملکی رقوم کی وضاحت مانگی لیکن مریم نواز نے فراہم نہ کی، گارڈن ٹاون کے نجی بنک میں کروڑوں روپے منتقل کئے گئے۔ بریفنگ کے دوران شہبازشریف اور حمزہ شہباز سے کی گئی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت بارے بھی آگاہ کیا گیا۔