لاہور: (دنیا نیوز) دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری کر دی گئی۔ سیف سٹی انڈیکس کی ساٹھ شہروں پر مشتمل فہرست میں ٹوکیو سرفہرست، نائیجیریا کا شہر لاگوس آخری نمبر پر رہا۔ کراچی نے تینتالیس پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں 57 ویں نمبر پر جگہ بنائی۔
رواں برس دنیا کا سفرکرنے والے دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے سیف سٹی انڈیکس میں ٹوکیو 92 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، سنگاپور 91.5 کے ساتھ دوسرے جبکہ جاپان کا شہر اوساکا 90.9 پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔
نیدرلینڈز کا شہر ایمسٹرڈیم 88 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، آسٹریلیا کا شہر سڈنی 87.9 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
کینیڈا کا شہر ٹورنٹو 87.8 پوائنٹس لے کر چھٹے، امریکی دارالحکومت واشنگٹن 87.6 کے ساتھ ساتویں نمبر، ڈنمارک کا دارالحکومت کوپن ہیگن اور جنوبی کورین دارالحکومت سیول 87.4 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہے۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن نے 87.3 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر جگہ بنائی۔ 60 ممالک پر مشتمل فہرست میں بنگلا دیشی دارالحکومت ڈھاکا 44.6 پوائنٹس کے ساتھ 56ویں نمبر پر براجمان جبکہ پاکستانی شہر کراچی 43.5 پوائنٹس کے ساتھ 57ویں نمبر پر محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
افریقی ملک نائیجیریا کا شہر لاگوس فہرست میں 38.1 پوائنٹس لے کرآخری نمبر پر ہے۔