پاکستان نےکلبھوشن کو قونصلررسائی دیدی،انڈین ڈپٹی ہائی کمشنرسےملاقات

Last Updated On 02 September,2019 08:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آہلووالیا کی دہشتگردی اور دیگر جرائم میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے ملاقات ختم ہو گئی۔ پاکستان نے ویانا کنونشن اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دی۔

یاد رہے گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بھارتی بحریہ کے حاضر سروس جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ رسائی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے، پاکستانی قوانین اور ویانا کنونشن کے قونسلر تعلقات کے تحت فراہم کی جا رہی ہے۔

 

ترجمان کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کمانڈر کلبوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشتگردی میں ملوث ہونے پر حراست میں ہے۔
 
قونصلر رسائی سے متعلق دفتر خارجہ کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کلبھوشن یادیو کی بھارتی ناظم الامور سے ملاقات کا دورانیہ دو گھنٹے پر محیط تھا۔

 

اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ ملاقات دوپہر بارہ بجے شروع ہوئی اور دو بجے تک جاری رہی۔ بھارتی درخواست پر پاکستان نے بات چیت کی زبان پر قدغن نہیں لگائی جبکہ معاملے کو شفاف بنانے کے لیے کلبھوشن یادیو کی ملاقات ریکارڈ کی گئی۔

ملاقات کو ریکارڈ کیے جانے کے حوالے سے بھارت کو پہلے آگاہ کیا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی ناظم الامور نے ویانا کنونشن کی روشنی میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے ملاقات کی۔

واضح رہے کہ 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کی بریت اور بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی، تاہم کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔