کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے علاقے خیزی چوک میں ہونے والے یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں ایک ریسکیو اہلکار جاں بحق جبکہ دنیا نیوز کے رپورٹر ابرار احمد، کیمرہ مین رحمت علی اور پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد زخمی ہو گئے۔
دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ کوئٹہ کے علاقے خیزی چوک میں پہلے گیس سلنڈر کا دھماکا ہوا۔ دھماکے کی کوریج کیلئے دنیا نیوز کی ٹیم پہنچی تو دوسرا دھماکا ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرا دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد سے کیا گیا۔
دھماکے سے دنیا نیوز کے نمائندہ ابرار احمد اور کیمرہ مین رحمت علی شدید زخمی ہو گئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ابرار احمد کو ٹراما سنٹر سول ہسپتال جبکہ رحمت علی کو بی ایم سی منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابرار احمد کا سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں آپریشن جاری ہے۔ ان کی دونوں ٹانگیں فریکچر ہو گئی ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ دس سے پندرہ منٹ بعد دوسرا دھماکا ہوا۔ ادھر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔