اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے بھارتی صدر کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، بھارت ابھی بھی کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، کشمیر میں مودی حکومت کا رویہ قابل نفرت ہے۔
وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے بھارتی اخبار "دی ہندو" کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت کو مزید رعایت نہیں دیں گے، تمام متعلقین سے بات کر کے فضائی حدود بھارتی صدر کے لیے بند کی، وی وی آئی پی کے علاوہ بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کرنا بھی زیر غور ہے۔
غلام سرور خان نے مزید کہا کہ ہم نے یوم دفاع کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا ہے، کرفیو کے ذریعے کشمیریوں کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے روکا گیا ہے، ہم کیسے یہ سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں، وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ بھی بھارت کو مزید رعایت دینے کے لیے راضی نہیں ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جولائی میں پاکستان نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت فضائی حدود کو کھولا مگر بھارت نے اس کو ہماری کمزوری سمجھا، بھارتی رویہ قطعی طور پر ناقابل برداشت ہے۔