ہیروئن برآمدگی کا کیس، رانا ثنا کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 ستمبر تک توسیع

Last Updated On 14 September,2019 12:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گاڑی سے ہیروئن برآمدگی کیس میں رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔ انسداد منشیات کی عدالت نے اے این ایف حکام کو ہدایت کی کہ پراسیکیوٹر کے تقرر کا تحریری حکم نامہ لائیں۔

رانا ثنا اللہ اور ان کیساتھ شریک ملزموں کو ڈیوٹی جج خالد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ رانا ثنا اللہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت اور ان کی گاڑی کی نقل و حرکت کی ویڈیو فراہمی کیلئے درخواست زیر سماعت ہے۔ ڈیوٹی جج نے باور کرایا کہ وہ صرف ارجنٹ نوعیت کے معاملات پر سماعت کرنی ہے جس پر رانا ثنا اللہ کے وکیل نے زور دیا ضمانت سے زیادہ ارجنٹ اور کیا ہوسکتا ہے۔

اے این ایف کے وکیل کاشف رانا نے بتایا کہ اس مقدمے کیلیے صلاح الدین مینگل کو نامزد کیا گیا لیکن ان کا آپریشن ہوا ہے اور ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ رانا ثنا اللہ خان نے عدالت کو بتایا کہ ان کے بارے میں گمراہ کیا جا رہا ہے، سابق وزیر قانون نے اعتراض کیا کہ وفاقی وزیر نے ان کی جس ویڈیو کے بارے میں بیان دیا تھا وہ ابھی تک پیش نہیں کی گئی۔
 

Advertisement