اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، اجلاس میں وزیراعظم کو معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد حکومت کی طرف سے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے دوماہ میں تجارتی خسارے میں 38 فیصد کمی ہوئی ہے، ٹیکسوں کی وصولی میں بہتری اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نجی کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔