لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کیخلاف 2 مخلتف ریفرنسز میں جوڈیشل ریمانڈ میں 2 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے شہباز شریف کے پیش نہ ہونے پر ان کیخلاف ریفرنس پر کارروائی آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی۔
حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد مکمل ہونے پر جیل حکام نے انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں ریفرنس دائر کیا جائے۔ رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کو دوسری احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
نیب نے بتایا کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس میں ابھی تحقیقات ہو رہی ہیں، جس پر عدالت نے نیب کو اپنی تفتیش مکمل کر کے اس کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے شہباز شریف کیخلاف آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس اور رمضان شوگر ملز ریفرنس پر ان کی پیشی سے استثنی کی درخواست منظور کر لی اور مزید سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک میں اس وقت مسائل کا طوفان ہے، معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا، عمران خان نے جھوٹ اور یوٹرن سے اپنا سیاسی طابوت تیار کر لیا ہے، نواز شریف کی اپیل کے بارے میں پر امید ہیں، ان کا دامن صاف ہے اور اللہ کے انصاف پر پورا یقین ہے۔