کوہاٹ: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں خواجہ سراٶں نے آئے روز چھاپوں سے تنگ آ کر پولیس کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور پولیس اہلکاروں پر چوڑیاں اور دوپٹے پھینک دیئے۔
خوجہ سراٶں نے تیراہ بازار سے کچہری چوک چوک تک پولیس کے خلاف ریلی نکالی۔ خواجہ سرا پولیس کے خلاف نعرہ بازی بھی کر رہے تھے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس موسیقی کی محفلوں کی اجازت دیتی ہے اور جب محفل شروع ہو جاتی ہے تو چھاپے مار کر پروگرام بند کر دیتی ہے جبکہ ان پر تشدد بھی کیا جاتا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات شاہ پور کے علاقہ میں شادی کی تقریب میں محفل موسیقی جاری تھی کہ تھانہ صدر پولیس نے چھاپہ مارا اور فائرنگ بھی کی جس سے ایک تماش بین زخمی ہو گیا۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان سے ان کی روزی نہ چھینی جائے اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر وہ ملک گیر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر چوڑیاں اور دوپٹے بھی پھینکے۔