آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سےعالمی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو کی ملاقات

Last Updated On 26 September,2019 07:12 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، اقتصادی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے دیرپا امن ناگزیز ہے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید سے بین الاقوامی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو اور قطری حکمران خاندان کے اہم رکن شیخ علی بن عبداللہ الثانی نے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ علی بن عبداللہ الثانی نے خطے میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔

شیخ علی بن عبداللہ الثانی سے گفتگو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، اقتصادی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پائیدار امن ضروری ہے۔ اس موقع پر شیخ علی بن عبداللہ الثانی نے کہا کہ علاقائی امن میں بہتری سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

 

Advertisement