لوٹی ہوئی رقم کی واپسی قومی ادارے کی اولین ترجیح ہے، چیئرمین نیب

Last Updated On 26 September,2019 10:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور عوام کی لوٹی ہوئی رقم کی واپسی قومی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد نیب ہیڈ کوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے شکایات کنندگان کی بدعنوانی سے متعلق شکایات سنیں۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور عوام کی لوٹی ہوئی رقم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب مضاربہ، مشارکہ اور ہاؤسنگ سوسائٹیز سکینڈلز میں ہزاروں افراد کی لوٹی گئی رقم کی واپسی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مضاربہ اور مشارکہ سکینڈلز میں اب تک 43 بڑے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے۔ نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے

انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کی بدعنوانی سے متعلق تمام شکایات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے سمیت شکایات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔