اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بھرتیوں کیلئے بغیر بتائے ٹیسٹ منسوخ کرنے پر امیدوار سراپا احتجاج بن گئے، امیدواروں نے نائنتھ ایونیو پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دی۔ مذاکرات کے بعد راستے کھول دئیے گئے۔
این ٹی ایس امتحانات کی منسوخی پر امیدواروں نے این ٹی ایس دفتر کا دروازہ توڑ دیا۔ امیدواروں کے احتجاج پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم خان کی سربراہی میں انتظامیہ نے امیدوارں سے مذاکرات کئے جس کے بعد امیدواروں نے احتجاج ختم کر دیا اور نائنتھ ایونیو پر ٹریفک بحال ہونے کے بعد میٹروبس بھی چلنے لگی۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آسامیوں کے تحریری امتحانات کی منسوخی بارش کے باعث ہوئی، این ٹی ایس نے امتحانات عارضی طور پر ملتوی کیے، امتحانات کی نئی تاریخ سے متعلق جلد آگاہ کیا جائے گا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امتحانات کی مکمل ذمہ داری این ٹی ایس کی ہے۔