سیالکوٹ: (روزنامہ دنیا) سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد سیالکوٹی نوجوان سے شادی کرنیوالی کینیڈین خاتون کے طلاق کے دائر کئے گئے فراڈ کے مقدمہ میں عدالت نے نوجوان کو 6 سال قید اور 40 ہزار جرمانے کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈین شہری میری گارٹنر نے سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد محلہ ٹبہ جولیاں کے رہائشی نوجوان حماد بٹ سے مارچ 2012ء میں شادی کی۔ 2014ء میں میری گارٹنر پاکستان آئی تو حماد بٹ نے اس سے کاروبار کیلئے غیر ملکی کرنسی کا مطالبہ کیا جس پر خاتون نے حماد بٹ کو ایک لاکھ چالیس ہزار امریکن ڈالر اپنے غیر ملکی اکاؤنٹ سے ٹرانسفر کئے۔
اس کے بعد دونوں میں بدگمانیاں پیدا ہو گئیں اور حما د بٹ نے اس کی رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔ خاتون میری گارٹنر کی درخواست پر نیکاپورہ پولیس نے حماد بٹ اور دیگر کیخلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج کیا جس پر مجسٹریٹ سید محمود افضل شاہ نے ملزم حماد بٹ کو چھ سال قید اور چالیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ ملزم محمد ادریس کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا ہے۔