اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے چین اورپاکستان کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے۔ یہ منصوبہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ سی پیک کے حوالے سے شکوک وشہبات والی کوئی بات نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ دورہ چین انتہائی اہم ہے۔ ان کی چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی۔ مختلف سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ میٹنگ طے ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں وزیر خارجہ نے مختلف سوالوں کے جواب دیے اور واضح کیا کہ سی پیک کے بارے میں تشویش کی خبریں غلط ہیں۔ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مثالی ہے۔ ہم ہر معاملے پر چین کے ساتھ مشاورت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت آزادی مارچ سے خائف نہیں، 27 اکتوبر کی تاریخ غلط ہے: وزیر خارجہ
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے۔ افغانستان کے حوالے سے مذاکرات اور دوسری طرف کشمیر کا مسئلہ ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کا آغاز ہو رہا ہے۔ بھارتی پنجاب کی اکثریت سکھ آبادی پاکستان سے بہت حد خوش ہے۔ کرتارپور کا پہلا سال ہے، نیا تجربہ ہے، وقت کے ساتھ ساتھ سہولیات میں بہتری آتی جائیگی۔