راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پی ایل اے کے کمانڈر جنرل ہان ویگو اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے بھی ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آرمی چیف نے پی ایل اے کے کمانڈر جنرل ہان ویگو اور چین کی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے بھی ملاقات کی جس میں پاک چین دفاعی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ چینی عسکری قیادت نے خطے میں امن کیلئے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی عسکری قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سوچ امن کے مفاد میں ہے۔ کشیدگی سے خطے کا امن متاثر ہو سکتا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پاکستان امن کا حامی لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل کیلئے کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ پاک چین عسکری قیادت نے دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔