نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کا الزام، متحدہ بانی لندن میں گرفتار

Last Updated On 10 October,2019 09:54 pm

لندن: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت فرد جرم عائد کر دی گئی ہے، ان کا عدالت سے ریمانڈ لینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

لندن میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ متحدہ بانی تیسری بار سدک پولیس سٹیشن میں پیش ہوئے جہاں ان پر انسداد دہشتگردی ایکٹ 2006ء کے تحت فرد جرم عائد کی گئی۔

اس سے قبل بانی ایم کیو ایم کو گیارہ جون کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کو ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔

برطانیہ کی میٹروپولیٹن پولیس نے اپنی ویب سائٹ پر بیان میں کہا ہے کہ الطاف حسین پر دہشتگردی کیلئے اکسانے پر ٹیررازم ایکٹ 2006ء کے سیکشن 1(2) کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

بانی ایم کیو ایم کی درخواست ضمانت پر بحث جاری ہے۔ کیس کی سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ دیا گیا ہے۔ 

Advertisement