لاہور: (دنیا نیوز) عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخشؒ کے 976ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا لاہور میں آغاز ہوگیا۔ زائرین کی کثیر تعداد حضرت داتا گنج بخشؒ کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لیے آ رہی ہے۔
1009ء میں ہجویر میں آنکھ کھولنے والے حضرت داتا گنج بخشؒ کا اصل نام ابوالحسن علی بن عثمان تھا۔ مرشد کے حکم پر 1039ء میں لاہور پہنچے۔ اِس پورے خطے کو اسلام کی کرنوں سے منور کیا اور پھر 1072ء میں لاہور کی مٹی کو ہی اُنہیں اپنی آغوش میں سمونے کا موقع ملا۔
اِن کے 976ویں عرس کی تقریبات کا لاہور میں آغاز ہو گیا ہے۔ یہاں ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں عظیم صوفی بزرگ کو نذرانہ عقیدت پیش کر رہا ہے۔ زائرین کی کثیر تعداد عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے آ رہی ہے جن میں لاہور کے علاوہ دوسرے شہروں سے بھی زائرین آ رہے ہیں۔
حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر سیکورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔