متروکہ وقف بورڈ کی پراپرٹیز سے متعلق نیا بزنس پلان تشکیل دینے کا فیصلہ

Last Updated On 18 October,2019 07:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کا متروکہ وقف بورڈ کی پراپرٹیز سے متعلق نیا بزنس پلان تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ متروکہ وقف بورڈ کی پراپرٹیز مارکیٹ ریٹ کے مطابق لیز پر دی جائیں۔

متروکہ وقف بورڈ کی اراضی کی غیر قانونی لیز اور قبضہ چھڑانے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو کابینہ اجلاس میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا نے متروکہ وقف املاک بورڈ میں ہونے والی کرپشن کی نشاندہی کی۔ کابینہ اراکین نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ ایک کرپٹ ادارہ سمجھا جاتا ہے۔ متروکہ وقف بورڈ کی پراپرٹیز اونے پونے داموں میں لیز پر دی گئیں۔

بورڈ انتظامیہ اور ملازمین نے غیر قانونی لیز سے مالی فوائد حاصل کیے۔ بورڈ کو معلوم ہی نہیں کہ انکے پاس کتنی اراضی ہے۔ پراپرٹیز کی کم ویلیو لگا کر اپنے لوگوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔

کابینہ ارکان کو بریفنگ میں بتایا گیا متروکہ وقف املاک بورڈ کے پاس شہروں میں 15 ہزار 619 پراپرٹیز ہیں۔ بورڈ کے پاس 19 پلازے، ایک لاکھ 9 ہزار 956 ایکڑ زرعی اراضی ہے۔

متروکہ وقف پراپرٹیز سے گزشتہ سال ایک ارب 53 کروڑ روپے کرایہ آیا، اس کا 1975ئ کا بعد کوئی سروے نہیں کروایا گیا۔ قیام پاکستان سے اب تک متروکہ وقف املاک کا تخمینہ ہی نہیں لگایا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے متروکہ وقف املاک کے حوالے سے مکمل بزنس پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاغیر قانونی قبضے اور لیز چھڑوا کر املاک کو مفاد عامہ کے استعمال میں لایا جائے۔