پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، ٹھوکر سے جلو موڑ تک ٹرام چلانے کا فیصلہ

Last Updated On 18 October,2019 07:03 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہریوں کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو موڑ تک ٹرام چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، 30 سے 35 کلومیٹر لمبا ٹریک بچھایا جائے گا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ، چیک رپبلک اور چین کے اشتراک پر مبنی غیر ملکی کمپنیوں ان کون گروپ اور سی آر ایس سی انٹرنیشنل کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق معروف غیر ملکی کمپنیاں لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں بہتری کیلئے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے ساتھ مل کر مختلف منصوبوں پر کام کریں گی۔

معاہدہ کے تحت کینال روڈ پرجدید طرز کے ٹرام منصوبے کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کچھی کا کہنا تھا منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے فلاحی ریاست کے خواب کی تکمیل میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے نئے منصوبے کا آغاز کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرام کے اجراسے روزانہ ہزاروں مسافر مستفید ہوں گے۔ منصوبے سے کینال روڈ پر ٹریفک کے مسائل اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ صوبائی وزیرنے مزید کہا ٹرانسپورٹ کے شعبہ کی ترقی کیلئے انٹرنیشنل ماڈلز سے استفادہ کریں گے۔

جرمنی اور دیگر ممالک بھی ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس تقریب میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد الرحمن گیلانی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ پلاننگ یونٹ ڈاکٹر وسیم ،چیف ایگزیکٹو لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی مریم خاور اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔