کراچی: (دنیا نیوز) شیڈول میں ایک بار پھر سندھ حکومت کو نظر انداز کر دیا گیا۔ پی ایس گیارہ سے کامیاب امیدوار معظم عباسی سے ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان دوریاں برقرار ہیں۔ اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا چوتھا دورہ کراچی ہے لیکن سندھ حکومت کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان پیر کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ شیڈول کی کاپی وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھی بھجوا دی گئی
ہے لیکن وزیراعلیٰ سمیت سندھ کے کسی حکومتی نمائندے سے ملاقات طے نہیں کی گئی۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی وزیراعظم کے دورہ کراچی پر وزیراعلیٰ سندھ کو مدعو نہ کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سب سے پہلے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کرینگے۔
بعد ازاں عمران خان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی سے طویل ملاقات کریں گے جس میں مختلف امور زیر غور آئیں گے۔ اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے وفود کو بھی پندرہ پندرہ منٹ ملاقات کا وقت دیا گیا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان چائنا پاور جنریشن کا افتتاح بھی کریں گے۔