کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عمران خان سے ملاقات کی، وزیراعظم حب میں پاور پلانٹ کا افتتاح بھی کریں گے۔
اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا چوتھا دورہ کراچی ہے لیکن سندھ حکومت کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا۔ عمران خان ایم کیو ایم اور جی ڈی اے اراکین اسمبلی سے بھی ملیں گے۔
شیڈول کی کاپی وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھی بھجوا دی گئی لیکن وزیراعلیٰ سمیت سندھ کے کسی حکومتی نمائندے سے ملاقات طے نہیں کی گئی۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی وزیر اعظم کے دورہ کراچی پر وزیر اعلی سندھ کو مدعو نہ کیے جانے کی تصدیق کر دی۔
وزیر اعظم عمران خان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی سے طویل ملاقات کریں گے جس میں مختلف امور زیر غور آئیں گے، اتحادی جماعتوں ایم کیوایم اور جی ڈی اے کے وفود کو بھی 15، 15 منٹ ملاقات کا وقت دیا گیا ہے، دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان چائنہ پاور جنریشن کا افتتاح بھی کریں گے۔