اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پر امن اور سیاسی احتجاج تمام جماعتوں کا آئینی حق ہے، بظاہر اپوزیشن کا ممکنہ احتجاج پر امن نہیں لگ رہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی قانونی اور آئینی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پر امن اور سیاسی احتجاج تمام جماعتوں کا آئینی حق ہے، ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام کی جانب بڑھانا ترجیح ہے۔ توجہ عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی معاشی ترقی پر مرکوز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان اور غریبوں کے لئے احساس پروگرام شروع کیا۔ کشمیر کاز پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
ملاقات کے دوران بابر اعوان کا کہنا تھا کہ نریندرا مودی کو جو پذیرائی بھارت سے نہ مل سکی وہ مولانا نے فراہم کر دی، بظاہر اہوزیشن کا ممکنہ احتجاج پر امن نہیں لگ رہا ہے جو مناظر دیکھے ان سے انتشار کی منصوبہ بندی عیاں ہو رہی ہے۔
مشیر برائے پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ ملک درست سمت میں جاتا دیکھ کر دھرنوں کی مخالفت کرنے والے بھی حمایت میں نکل پڑے، مولانا نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی پوری کوشش کی ہے۔