ملک میں کٹھ پتلی راج، عوام کی مدد سے حکمرانوں کو بھگائیں گے: بلاول بھٹو

Last Updated On 23 October,2019 06:27 pm

تھرپارکر: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاق صوبوں کے حقوق سلب اور کراچی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تھرپارکر میں جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ آج پھر ظالم، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت کا راج ہے۔ جمہوری اور معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں۔ صوبوں کے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔ اب تو یہ کراچی پر قبضہ بھی کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم مل کر اس کٹھ پتلی کو بھگائیں گے اور عوامی حکومت بنائیں گے۔ کٹھ پتلی کو گھر بھیجیں گے، ملک بچائیں گے، ہم وفاق سے اپنا حق چھین کر آپ کی اور مدد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی اور سیاسی یتیم آپ کی غربت کا مذاق اڑاتے ہیں۔ انہوں نے معیشت کا ستایا ناس کر دیا ہے جبکہ کشمیر کا بھی سودا کر دیا گیا ہے۔ ہمیں اس کٹھ پتلی کو گرانا پڑے گا اور پاکستان کو بچانا ہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ہم اگلا احتجاج 26 اکتوبر کو سندھ اور پنجاب کے بارڈر پر کریں گے۔
 

Advertisement