لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ساہیوال کے مقدمے میں نامزد تمام ملزموں کو عدم ثبوتوں کی بنیاد پر بری کرنے کاحکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ نے سانحہ ساہیوال کیس پر سماعت کی، ملزموں کی جانب سے وکیل نصیر الدین نئیر عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیے۔ عدالت نے ملزموں کے وکلا کی سرکاری گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمون کو عدم ثبوتوں کی بنیاد پر بری کرنے کا حکم دے دیا۔
مقدمے کے ٹرائل کے دوران عدالت نے سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل کے بچوں عمیر، منیبہ، بھائی جلیل اور مقتول ذیشان کے بھائی احتشام سمیت مجموعی طور پر 49 گواہوں کے بیان قلمبند کیے۔ بیانات کے دوران مقتولین کے اہل خانہ نے ملزموں کو شناخت کرنے کا انکار کیا تھا اور کہا کہ وہ جائے وقوع پر موجود نہیں تھے لہذا وہ ملزموں کو نہیں پہچان سکتے۔