ننکانہ صاحب:: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف جہاں سے علاج کرانا چاہیں کرا سکتے ہیں، سابق وزیراعظم کو بیماری کی وجہ سے ضمانت ملی، کوئی پکڑ دھکڑ نہیں ہو رہی، پرتشدد مظاہرے ہوئے تو بدقسمتی ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا مولانا کو آزادی مارچ مقبوضہ کشمیر میں کرنا چاہیے، پاکستان میں آزادی مارچ کر کے کس سے آزادی لینی ہے، پکڑ دھکڑ کی خبریں غلط ہیں کسی کو نہیں پکڑا جا رہا، اگر پرتشدد مظاہرے ہوئے تو ہماری بدقسمتی ہوگی۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا نواز شریف کو بیماری کی وجہ سے ضمانت ملی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ جہاں جانا چاہیں یا علاج کرانا چاہیں کروا سکتے ہیں، تحریک انصاف کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرتی۔