صادق آباد: (دنیا نیوز) آزادی مارچ کو پنجاب میں داخل ہونے کی آزادی مل گئی، سندھ پنجاب بارڈر پر قومی شاہراہ کو متوقع طور پر بند کرنے کیلئے رکھے کنٹینرز ہٹالئے گئے جبکہ پکڑی گئی درجنوں ٹریکٹر ٹرالیوں کو بھی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے متوقع طور پر آزادی مارچ کو سندھ سے پنجاب داخلہ کے موقع پر روکنے کیلئے صادق آباد میں بڑی تیاریاں کی گئی تھیں، 7 دن سے سینکڑوں کنٹینرز اور درجنوں ٹریکٹر ٹرالیوں کی پکڑ دھکڑ کی گئی۔ کوٹ سبزل کے مقام پر چیک پوسٹ پر نفری بھی تعنیات کی گئی مگر حکومت اور آزادی مارچ کے منتظمین میں معاہدہ کے بعد اب بارڈر پر پہنچائی گئی کنٹینرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں کو وہاں سے ہٹادیا گیا ہے۔
ٹریفک پوری طرح رواں دواں ہے جبکہ جمعیت علماء اسلام کی مقامی قیادت نے بارڈر پر استقبالیہ کیمپ بھی لگا لیا ہے، کارکنوں کی بڑی تعداد آزادی مارچ کے استقبال کیلئے پہنچانا شروع ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ انہیں سندھ پنجاب بارڈر کو بند کرنے کے لئے تاحال کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے۔